حیدرآباد 21 جون ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے آج خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میںکچھ مقامات پر ‘ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں آئندہ تین دن کے دوران تیز ہواوں کے ساتھ گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے خبردار کیا کہ ساحلی آندھرا پردیش کے تمام اضلاع میں کچھ مقامات پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران گرمی کی لہر بھی پیدا ہوسکتی ہے ۔ اقل ترین درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے جو معمول سے 3 تا 4 ڈگری زیادہ ہے ۔ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ‘ ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں آئندہ پانچ دن کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ ساحلی آندھرا میں مشرقی گوداوری ضلع کے کچھ مقامات پر شدت کی گرمی کی لہر برقرار ہے ۔ تلنگانہ ‘ ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں جنوب مغربی مانسون کمزور ہے ۔