حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( آئی این این ) : وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے اس بات کا تیقن دیا کہ تلنگانہ ریاست گیر سطح پر تمام دیہاتوں کو بس خدمات فراہم کی جائے گی ۔ وہ آج یہاں آرمور ضلع نظام آباد میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ آر ٹی سی خدمات میں وسعت دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت تلنگانہ ریاست کے تمام قریوں کو بس خدمات فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تلنگانہ آر ٹی سی ملک گیر سطح کے تمام آر ٹی سی میں سرفہرست مقام حاصل کرنے کے لیے بھر پور مساعی کی جائے گی ۔ آر ٹی سی کی تقسیم کے بعد حکومت تلنگانہ کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کو اینکریمنٹ بھی دینے کا تیقن دیا ۔ قبل ازیں وزیر نے چیرمین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ کے ہمراہ آرمور بس اسٹانڈ کے قریب سی سی روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور آرمور اور یادگیر گٹہ کے درمیان بس خدمات کا بھی آغاز کیا ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی ، میونسپل چیرمین سواتی سنگھ ببلو اور دیگر عہدیداران بھی شریک تھے ۔۔