شیورام پلی میں پارٹی آفس کے افتتاح کے موقع پر اعظم خاں کا بیان
شمس آباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر کے علاقہ شیورام پلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح جناب محمد اعظم خاں کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر محمد اعظم خاں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے جدوجہد کے ذریعہ ریاست تلنگانہ حاصل کرلیا ۔ تلنگانہ ہمارا گھر ہے ہمیں ہمارے گھر کو سجاوٹ کے ذریعہ ترقی یافتہ ریاست بناتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنا ہے ۔ جس کے لیے تمام افراد کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاست تلنگانہ گنگا جمنی تہذہب کا گہوارہ ہے ۔ جس میں ہمیں بلالحاظ مذہب و ملت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ جس سے سنہرے تلنگانہ کی تکمیل آسانی سے ہوگی ۔ ضلع رنگاریڈی میں پارٹی مضبوط بن رہی ہے ۔ راجندر نگر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے بہترین خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ پارٹی آفس کے افتتاح پر محمد اعظم خاں نے پارٹی کارکنوں سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ محنت کررہے ہیں اسی طرز پر انتخابات میں بھی محنت کرنی چاہئے جس سے شہر حیدرآباد کا مئیر ٹی آر ایس پارٹی کا ہی ہوگا ۔ جس کے لیے ہر کارکن کو محنت کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ عبدالمقیت چندا ٹی آر ایس میناریٹی سیل ضلع صدر نے کہا کہ پارٹی آفس قائم کرنے کا مقصد پارٹی کو مضبوط کرنا اور انتخابات کی تیاریوں کے علاوہ حکومت کی تمام اسکیمات عوام تک پہنچانا ہے ۔ خاص کر اقلیتوں کے لیے جو بھی اسکیمات ہیں وہ ان تک پہنچا کر عوام کو فائدہ پہنچانا ہی مقصد ہے ۔ جس سے سنہرے تلنگانہ کی تکمیل ہوگی ۔ اس موقع پر سورنا لتا ریڈی ، ایس وینکٹیش ، مکرم خان ، مرزا عبید علی کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔