افطار پارٹی سے ہریش راؤ و دیگر کا خطاب
شمس آباد 3 جولائی (سیاست نیوز) راجندر نگر کے علاقہ میلاردیو پلی میں عبدالمقیت چندا ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری کی جانب سے دعوت افطار منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ ریاست تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے۔ اس کی مثال پوری دنیا میں کہیں نہیں مل سکتی۔ خاص کر حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی کے علاوہ راجندر نگر میں جہاں ہندو مسلم سب مل کر آپس میں خوشیاں بانٹتے ہیں اور عید و تہوار مناتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں مسلمانوں کی ترقی کے لئے حکومت تلنگانہ کئی ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے۔ شادی مبارک، ریسیڈنشیل اسکولس جس میں دنیا کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جارہی ہے، مسلم بچوں کو دنیا کے ساتھ ساتھ دین کی تعلیم حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے۔ ملک کے کسی بھی ریاست میں اس کی مثال نہیں مل سکتی۔ انھوں نے کہاکہ عبدالمقیت چندا ایک بہترین قائد کے طور پر جانے جاتے ہیں ان کی خدمات سے مسلمانوں کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کنڈہ وشویشور ریڈی رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ تلنگانہ ریاست میں بلا لحاظ مذہب ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں جس سے چیف منسٹر کے سی آر کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس حیران ہیں کہ اتنے کم عرصہ میں اتنی زیادہ ترقی کیسے ممکن ہے۔ انھوں نے عبدالمقیت چندا کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک قابل قائد ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات ریاست کے لئے کارآمد ثابت ہورہی ہیں۔ ضلع رنگاریڈی میں انھوں نے بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے شہرت حاصل کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، رکن اسمبلی راجندر نگر ٹی پرکاش گوڑ، رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر، یادیا چیوڑلہ رکن اسمبلی، ناگیندر گوڑ ضلع ٹی آر ایس صدر، ایس ایم اسلم قادری ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری، پی پرشوتم راؤ، مانیم پلی ہنمنت راؤ کے علاوہ دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر محمد فاروق، مکرم خان، زاہد احمد خان، مرزا عبید علی، ایس وینکٹیش، راجیش یادو کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔