تلنگانہ ریاست کے زیر التواء امور کی یکسوئی کی درخواست

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے خصوصی نمائندے رام چندروڈو نے آج مرکزی کابینی سکریٹری پی کے سمہن سے ملاقات کی اور تلنگانہ ریاست کے زیر التواء امور کی یکسوئی کی درخواست کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ریاست کے زیر التواء پراجکٹس کی منظوری اور فنڈس کی اجرائی جیسے امور پر کابینی سکریٹری سے نمائندگی کی گئی ہے۔ جن امور کی عاجلانہ تکمیل کیلئے تلنگانہ حکومت مرکز سے درخواست کر رہی ہے، ان میں ہائی کورٹ کی تقسیم، زیر التواء ریلوے پراجکٹس کی جلد تکمیل اور مختلف پراجکٹس اور اسکیمات کیلئے مرکزی فنڈس کی اجرائی شامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت کے نمائندے نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے تلنگانہ میں مختلف پراجکٹس میں سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے خصوصی نمائندے نے نیوزی لینڈ کے سفارتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے کئی مراعات کا فیصلہ کیا ہے۔ پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری کیلئے خصوصی میکانزم قائم کیا گیا۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت 21 جولائی تک ہائیکورٹ کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں کرے گی تو ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے اور کارروائی میں رکاوٹ پیدا کریں گے۔