اردو زبان کے ساتھ چارمینار بھی شامل ، 2 جون سے باقاعدہ عمل آوری
حیدرآباد۔ 29؍مئی (سیاست نیوز)۔ تلنگانہ ریاست کے متوقع چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کے سرکاری لوگو کو منظوری دے دی ہے۔ اس لوگو میں اُردو زبان کے ساتھ چارمینار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ چندر شیکھر راؤ کے پاس لوگو کے مختلف ماڈلس پیش کئے گئے تھے اور انھوں نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس لوگو کو منظوری دے دی۔ 2 جون کو چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد پہلے کابینی اجلاس میں باقاعدہ طور پر اس لوگو کو منظوری دے دی جائے گی۔ اس کے بعد تمام سرکاری مراسلتوں کے لئے لیٹر پیاڈ پر یہی لوگو استعمال ہوگا۔ اس لوگو میں کاکتیہ دورِ حکومت کی یادگار کمان کے علاوہ چارمینار اور اُردو، تلگو اور انگریزی میں تلنگانہ حکومت تحریر کیا گیا ہے۔ اُردو تحریر میں تلنگانہ حکومت کو ’’تلنگانہ سرکار‘‘ لکھا گیا ہے۔ لوگو کے نچلے حصے میں ’ستیمے جیئتے‘ تحریر کیا گیا ہے۔ 2 جون سے اس لوگو پر باقاعدہ عمل آوری کا آغاز ہوگا اور یہی تلنگانہ حکومت کی شناخت ہوگی۔