ٹی آر ایس کا مطلب تلنگانہ ریتو سمیتی ، ایم پی کے کویتا کا ادعا
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی سربراہ اور رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس کا مطلب تلنگانہ ریتو سمیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی آر ایس ہمیشہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ کسانوں کو مختلف رعایتوں کی فراہمی اور انہیں محفوظ کھاد اور بیج سربراہ کرنے کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے اقدامات کئے ہیں۔ کویتا نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعہ کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ کسانوں کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کئی اہم فیصلے کئے ہیں ہر شعبہ کی ترقی چیف منسٹر کی اولین ترجیح ہے تاکہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب پورا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسان چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے کافی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کوئی بھی قدم اٹھائیں تو کامیابی ضرور حاصل ہوتی ہے۔ تلنگانہ تحریک کے آغاز کے وقت مختلف گوشوں نے تحریک کی کامیابی کے بارے میں اندیشوں کا اظہار کیا تھا لیکن آخر کار جدوجہد کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں ورنگل ضلع کا اہم رول رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر نے یوم تاسیس کے جلسہ عام کیلئے ورنگل کا انتخاب کیا۔