ٹی آر ایس وفد کی نئی دہلی میں معتمد داخلہ سے ملاقات و نمائندگی
حیدرآباد ۔7 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ایک وفد نے آج نئی دہلی میں مرکزی معتمد داخلہ سے ملاقات کی اور تلنگانہ ریاست کا یوم تاسیس 2 جون کے بجائے 16 مئی کے بعد فوری طور پر مقرر کرنے کی درخواست کی۔ قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشو راؤ ، سابق رکن پارلیمنٹ ونود کمار اور پولیٹ بیورو ممبر جگدیشور ریڈی نے معتمد داخلہ سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی ۔ ان قائدین نے کہا کہ مرکز نے 2 جون کو تلنگانہ کا اپائنٹیڈ ڈے مقرر کیا ہے لیکن 16 مئی کو اسمبلی کے نتائج منظر عام پر آجائیں گے ۔ لہذا نئی حکومت کی تشکیل کیلئے 2 جون تک انتظار کرنا پڑے گا ۔ قائدین نے کہا کہ اس طویل وقفہ کے باعث تلنگانہ ریاست میں دستوری بحران پیدا ہوسکتا ہے ۔ لہذا مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ نتائج کے اعلان کے بعد کی کوئی تاریخ یوم تاسیس کے طور پر مقرر کرے۔
تاکہ تلنگانہ میں نئی حکومت تشکیل پاسکے۔ ان قائدین نے اس سلسلہ میں ہائیکورٹ کے احکامات کی نقل بھی معتمد داخلہ کے حوالہ کی جس میں مرکز کو ہدایت دی گئی کہ وہ تلنگانہ یوم تاسیس کے تعین میں عجلت کرے۔ واضح رہے کہ جگدیشور ریڈی نے اس سلسلہ میں ہائیکورٹ میں درخواست پیش کی تھی۔ ہائیکورٹ نے 2 جون سے قبل تلنگانہ کے قیام کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق درخواست گزار کے دلائل سے اتفاق کیا اور مرکز کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی معتمد داخلہ نے ٹی آر ایس قائدین کو یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں حکومت جلد ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔ ٹی آر ایس قائدین نے بتایا کہ ریاست میں صدر راج کے نفاذ کے باعث نظم و نسق پہلے ہی ٹھپ ہوچکا ہے اور عوامی مسائل جوں کا توں برقرار ہے۔ 16 مئی کو نتائج منظر عام پر آنے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کیلئے مزید 16 دن انتظار کرنا پڑے گا۔ اس طرح حکومت کی عدم تشکیل سے دستوری بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔