تلنگانہ ریاست کا قیام نوجوانوں اور طلباء کی قربانیوں کا نتیجہ

چیرمین ٹی جے اے سی پولیٹیکل کودنڈارام کی دہلی سے واپسی، گن پارک پر جشن، وعدوں پر عمل کا عزم

حیدرآباد۔/22فبروری،( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے نئی دہلی سے واپسی کے ساتھ ہی گن پارک پہنچ کر تلنگانہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام، تلنگانہ این جی اوز قائدین اور طلباء تنظیموں کے قائدین نے گن پارک پہنچ کر تشکیل تلنگانہ کا جشن منایا۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ نئی ریاست کا قیام تلنگانہ نوجوانوں اور طلباء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں کی قربانیاں آخر کار رنگ لائیں اور تشکیل تلنگانہ کے بعد علاقہ کے عوام کی ہمہ جہتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد اس کی تعمیر نو میں بھی جے اے سی اہم رول ادا کرے گی۔

کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران جے اے سی سے تعاون کرنے والی جماعتوں، تنظیموں، وکلاء اور طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے حکومت کی جانب سے مسلسل ہراسانی کا مقابلہ کرتے ہوئے تحریک میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد شہدائے تلنگانہ کے ارکان خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ان خاندانوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور طلباء کے بارے میں جو وعدے کئے گئے ان پر عمل آوری ترجیحی بنیادوں پر ہوگی۔ کودنڈا رام نے سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے عوام کو یقین دلایا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں وہ بے خوف و خطر قیام کرسکتے ہیں۔ وہ حیدرآباد میں اپنی تجارت اور کاروبار کو جاری رکھنے کیلئے آزاد ہیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود تلگو بولنے والے عوام آپس میں بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کریں گے اور سیما آندھرا عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔