تلنگانہ ریاست میں ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کو ترجیح

سیما آندھرا ملازمین کو کام کرنے کا آپشن نہیں دیا جائے گا ، سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر کا بیان
حیدرآباد ۔7 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ ملازمین کو یقین دلایا کہ نئی ریاست میں ان کے مطالبات کی یکسوئی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں سیما آندھرا ملازمین کو آپشن دیئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کے سی آر نے کہا کہ اگر سیما آندھرا ملازمین کو تلنگانہ میں کام کرنے کیلئے آپشن دیا جائے گا تو وہ اسے قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے ملازمین کو تیقن دیا کہ اس مسئلہ پر انہیں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

گزشتہ 6 دہوں کے دوران تلنگانہ ملازمین کے ساتھ جو ناانصافیاں ہوئی ہیں، اس سے ٹی آر ایس بخوبی واقف ہے۔ تلنگانہ میں پہلی حکومت ٹی آر ایس کی ہوگی اور وہ ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی۔ تلنگانہ ملازمین کی مختلف تنظیموں نے کے سی آر سے ملاقات کی اور انہیں تہنیت پیش کی ۔ تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد اور جنرل سکریٹری رویندر ریڈی کی قیادت میں ملازمین کے قائدین نے چندر شیکھر راؤ کو اپنے مسائل سے واقف کروایا۔ تلنگانہ گزیٹیڈ ایمپلائیز اسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی کے سی آر سے ملاقات کی۔ کے سی آر نے کہا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی ہے اور کسی جماعت کی تائید کے بغیر تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت قائم ہوگی۔ انہوں نے انتخابی منشور میں ملازمین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملازمین اور تمام طبقات کیلئے ترقی اور خوشحالی کا پیام لائے گی۔ انہوں نے ملازمین کی تنظیموں کو تیقن دیا کہ مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں ان سے وقتاً فوقتاً مشاورت کی جائے گی۔