تلنگانہ ریاست بھائی چارہ ، اخوت کا مرکز

سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے پر شریمتی کویتا ایم پی کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ نظام آباد و صدر تلنگانہ جاگرتی شریمتی کویتا کلواکنتالا کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ جاگرتی ‘ ٹی آر ایس کے علاوہ تلنگانہ حامی تنظیم کے سینکڑوں ذمہ داران نے ان کی رہائش گاہ واقع بنجارہ ہلز پہنچ کر انہیںمبارکباد پیش کی۔رکن پارلیمنٹ کویتا نے اپنے بچوں کے ساتھ سالگرہ کیک کاٹا اور مبارکباد دینے کے لئے پہنچنے والوں کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست بھائی چارہ‘ اخوت اور جذبہ ایثار قربانی کا مرکز ہے۔ انہوں نے نئی ریاست کی تشکیل کے بعد اپنی پہلی سالگرہ تقریب منانے کے دوران تلنگانہ ریاست کی خوشحالی اورترقی کے لئے دعائیں مانگی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور تلنگانہ جاگرتی کے علاوہ تلنگانہ حامی تنظیموں کے ذمہ داران سے بھی اظہار تشکر کیا او ر کہاکہ تلنگانہ کی عوام کی دعائوں او رنیک تمنائوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج نہ صرف تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میںآچکی ہے بلکہ تلنگانہ عوام کی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پارٹی ریاست کی پہلی حکمران جماعت کی حیثیت سے تلنگانہ عوام کی خدمت کررہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر وپارٹی سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے سنہری تلنگانہ ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے عوام کی حکومت تلنگانہ کے ہر محاذ پر تعاون کی ضرورت ہے۔ ایس سی‘ ایس ٹی ‘ بی سی‘ مسلم فرنٹ کے کنونیر ز حیات حسین حبیب ‘ اسلم عبدالرحمن‘ ٹی آر ایس قائد محمد عبدالذیشان نے بھی شریمتی کویتا کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیںمبارکباد پیش کی۔