صدر پارٹی چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر پارٹی قائدین متحرک
حیدرآباد۔ 17 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد ٹی آر ایس نہ صرف تلنگانہ کے اضلاع میں مستحکم ہورہی ہے بلکہ شہری حدود میں بھی تلنگانہ راشٹرا سمیتی اپنے کیڈر کو مضبوط و مستحکم بنانے میں مصروف ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کو مضبوط کرنے کی ہدایت دینے کے بعد سے پارٹی قائدین اس ضمن میں متحرک ہوچکے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے پارٹی قائدین سے رابطہ قائم کررہے ہیں ۔ تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین جو کہ تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں، وہ ٹی آر ایس میں شمولیت سے متعلق سنجیدگی کا مظاہرہ بھی کرنے لگے ہیں۔ اسی طرح کانگریس کے بھی بعض قائدین کا ٹی آر ایس قائدین سے رابطہ قائم کئے جانے کی اطلاع موصول ہورہی ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر خیریت آباد حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرنے والی مسرز وجیاریڈی 20 اگست کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مسز وجیا ریڈی جوکہ آنجہانی قائد پی جناردھن ریڈی کی دُختر ہیں ، نے وائی ایس آر سی پی سے مستعفی ہوتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت کا قطعی فیصلہ کرلیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی موجودگی میں وجیا ریڈی اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گی۔ اسی طرح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں دیگر حلقہ جات اسمبلی سے تعلق رکھنے والے قائدین کو بھی ٹی آر ایس اپنی جانب راغب کروانے میں مصروف ہے۔ ڈسمبر 2014ء میں جی ایچ ایم سی کی میعاد مکمل ہونے جارہی ہے اور توقع ہے کہ میعاد کے اختتام کے فوری بعد بلدی ڈیویژن کی ازسرنو حد بندی کے احکامات جاری کئے جائیں گے اور حد بندی کی تکمیل کے ساتھ ہی انتخابات منعقد کروائے جائیں گے۔ اسی لئے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ وجیا ریڈی نے دو یوم قبل ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے ملاقات بھی کی تھی لیکن اس ملاقات کی تفصیلات کا انکشاف نہیں ہوسکا تھا۔ وجیا ریڈی کے حامیوں کی جانب سے اس بات کی توثیق کی جارہی ہے کہ وہ 20 اگست کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں۔ مسز وجیا ریڈی کے حقیقی بھائی اور پی جے آر کے فرزند وشنو وردھن ریڈی بھی گزشتہ عام انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئے تھے۔