تلنگانہ راشٹرسمیتی کاکل اہم توسیعی اجلاس

پارٹی کا 27 اپریل یوم تاسیس منانے پروگراموں کو قطعیت دی جائے گی
حیدرآباد یکم فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا ایک اہم توسیعی اجلاس 3 فبروری کو منعقد کیا جائے گا ۔ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے اس بات کا فیصلہ کیا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پولیٹ بیورو و رکن پارلیمان تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر بی ونود کمار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹی آر ایس کا توسیعی اجلاس شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ کومپلی میں واقع آر ڈی کنونشن سنٹر میں 3 فبروری بروز منگل 12 بجے دن آغاز ہوگا ۔ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد گذشتہ دنوں کے دوران توسیعی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا اور اس طرح ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد یہ پہلا توسیعی اجلاس ہوگا ۔ اس توسیعی اجلاس میں پولیٹ بیورو ارکان ،ریاستی وزراء ارکان پارلیمان ،ارکان قانون ساز کونسل و ارکان قانون ساز اسمبلی گذشتہ عام انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے امیدوار ،صدور ضلع پریشد ،صدور نیشن ڈسٹرکٹ کو آپریٹیو بینکس،میئران بلدیات،زیڈ پی ٹی سی ارکان ،منڈل پرجا پریشد صدور ،ایم پی ٹی سی ارکان و دیگر اہم قائدین ٹی آر ایس شرکت کریں گے ۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ کے 119 حلقہ جات اسمبلی کے منجملہ ہر اسمبلی حلقہ سے کم از کم 30 قائدین شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اپریل کو یوم تاسیس تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سلسلہ میں منعقد کی جانے والی تقاریب میں منظم کئے جانے والے پروگراموں کی حکمت عملی کو قطعیت دینے پر تفصیلی غور و خوص کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں دیہی سطح سے منڈل و ضلع و ریاستی سطح پر پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے علاوہ رکنیت سازی کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیال اور غور و خوص کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر کے انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی ۔ مسٹر ونود کمار نے بتایا کہ 27 اپریل 2001میں تشکیل دی گئی تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کئی طرح کی جدوجہد کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کئی طرح کی جدوجہد کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول میں کامیابی حاصل کی اور ریاست تلنگانہ کی ترقی مسٹر کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں ہی ممکن ہونے کے پیش نظر تلنگانہ عوام نے عام انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر اقتدار سونپا اور چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے چھ ماہ میں ہی مسٹر کے چندر شیکھر راو نے ریاست تلنگانہ کے مستقبل کو درخشاں بنانے کئی ایک اہم فیصلے کرتے ہوئے مختلف فلاح و بہبودی و ترقیاتی پروگرامس و اسکیمات کو روبہ عمل لانے کے اقدامات شروع کئے ۔ ان اقدامات کو دیکھتے ہوئے دیہی سطح سے منڈل ضلع اور ریاستی سطح پر بڑے پیمانے پر عوامی نمائندوں و قائدین دیگر پارٹیوں سے علحدگی اختیار کرنے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔