مختلف امور پر غوروخوض، وزراء کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ بھون میں وزراء کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کے وعدوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ پروفیسر جئے شنکر کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد کے سی آر نے وہاں موجود ریاستی وزراء کے ساتھ علحدہ اجلاس منعقد کیا جس میں عوامی وعدوں کی تکمیل کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔ خاص طور پر کسانوں کے قرضوں کی معافی، ایس ٹی اور مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی، فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم پر عمل آوری کے علاوہ تلنگانہ میں برقی کے بحران کی یکسوئی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء نے اس سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کیں۔ آئندہ کابینی اجلاس کے ایجنڈہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے وزراء پر واضح کیا کہ ان کی حکومت بہر صورت عوامی وعدوں کی تکمیل کرے گی اور اس کے لئے فنڈز کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں رہے گی۔ انہوں نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ عوام سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کا یقین دلائیں کہ حکومت تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے عہد کی پابند ہے۔