تلنگانہ حکومت کے انکریمنٹ سے سیما آندھرا ملازمین کو بھی فائدہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ کا جو اعلان کیا ہے، اس سے نہ صرف تلنگانہ حکومت کے لئے کام کرنے والے ملازمین کو فائدہ ہوگا بلکہ تلنگانہ حکومت کیلئے کام کرنے والے سیما آندھرا ملازمین کو بھی انکریمنٹ دیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے انکریمنٹ کے مسئلہ پر کسی تنازعہ سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ حکومت آندھراپردیش سے تلنگانہ کے ملازمین کو انکریمنٹ دلائے چونکہ وہ سیما
آندھرا حکومت کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ریاستی کابینہ میں 16 جولائی کو اپنے اجلاس میں تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لینے والے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی انکریمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی وعدوں میں اسے شامل کیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت باقاعدہ طور پر آندھراپردیش حکومت سے درخواست کرے گی کہ وہ تلنگانہ کے ملازمین کو انکریمنٹ سے محروم نہ رکھیں کیونکہ تلنگانہ حکومت نے سیما آندھرا ملازمین کو انکریمنٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی انکریمنٹ کا پے سلپ میں علحدہ طور پر تذکرہ کیا جا ئے گا جبکہ عام طور پر اس طرح کے انکریمنٹ راست طور پر تنخواہ میں ضم کردیئے جاتے ہیں۔ خصوصی انکریمنٹ سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 180 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ واضح رہے کہ دونوں ریاستوں کے لئے ابھی تک باقاعدہ طور پر ملازمین کا الاٹمنٹ نہیں ہوا ہے اور عبوری طور پر ملازمین کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں قائم کردہ کمل ناتھن کمیٹی نے ملازمین کو اپنی پسند کی ریاست کے انتخاب کا حق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2 جون کو آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد ملازمین کے عبوری الاٹمنٹ کے تحت تلنگانہ میں سیما آندھرا کے 9000 اور سیما آندھرا میں تلنگانہ کے 4000 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ملازمین کو اپنی پسند کی ریاست کے انتخاب کا اختیار دینے کی صورت میں موجودہ اعداد و شمار میں کوئی خاص تبدیلی کا امکان نہیں ہے کیونکہ تلنگانہ حکومت کیلئے خدمات انجام دینے والے سیما آندھرا ملازمین حیدرآباد میں موجودگی کو ترجیح دیں گے۔ بچوں کی تعلیم اور دیگر سہولتوں کو بنیاد بناکر سیما آندھرا ملازمین حیدرآباد میں ہی برقرار رہنے کو ترجیح دیں گے۔ دوسری طرف سیما آندھرا حکومت کیلئے خدمات انجام دینے والے 4000 تلنگانہ ملازمین ممکن ہے کہ اسی حکومت میں برقراری کو ترجیح دیں گے۔ تاکہ آندھراپردیش حکومت کی جانب سے وظیفہ کی عمر میں دو سال اضافے کی سہولت سے استفادہ کیا جاسکے ۔ آندھراپردیش حکومت نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سے بڑھاکر 60 سال کردی ہے۔ اس سہولت کا اطلاق ان تلنگانہ ملازمین پر ہوگا جنہوں نے آندھراپردیش میں برقراری کو ترجیح دی۔ یہی وجہ ہے کہ تلنگانہ حکومت نے ایسے سیما آندھرا ملازمین کو خصوصی انکریمنٹ کے تحت شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تلنگانہ ریاست کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔