حیدرآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے دیہی علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے 15 اگست سے ’’گراما جیوتی اسکیم‘‘ کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج محکمہ پنچایت راج کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا اور اس اجلاس میں ہمہ جہتی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر سطح پر 15 اگسٹ سے گراما جیوتی اسکیم کا آغاز کرنے کی ہدایت دیں ۔ اس اسکیم کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے وزیر پنچایت راج کے ٹی آر کی زیر قیادت ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ اندرون ایک ہفتہ اس تعلق سے مکمل تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی چیف منسٹر نے ضروری ہدایات دیں ۔ اس مجوزہ اسکیم کے سلسلہ میں آئندہ پانچ سال کے دوران دیہی ترقی کیلئے (25) ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کا جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا۔
اور بالخصوص آبادی کے تناسب سے تمام مواضعات کی ترقی کے لئے دو تا چھ کروڑ روپئے حکومت کی جانب سے رقومات فراہم کرنے کا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے ۔