تلنگانہ حکومت کی نئی صنعتی پالیسی تیار

حیدرآباد اور محبوب نگر کے مابین صنعتی راہداری کی تجویز: کے ٹی آر
حیدرآباد 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت تلنگانہ نے نئی صنعتی پالیسی کے اعلان کی تیاری کرلی ہے۔ جس کے تحت شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب تاجرین کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت حیدرآباد اور محبوب نگر کے مابین صنعتی راہداری کے فروغ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اِس کے علاوہ حیدرآباد اور ورنگل کے مابین بھی اِسی طرح کی صنعتی راہداری کی تجویز ہے۔ اسمبلی میں آج چیف منسٹر کی جانب سے سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ نئی صنعتی پالیسی کو ریاستی کابینہ کے اجلاس میں دو دن قبل منظوری دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس پالیسی کا اسمبلی میں اندرون ایک یا دو یوم اعلان کیا جائے گا۔ یہ ایک بہترین پالیسی ہوگی جس میں عاجلانہ منظوری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ہم آئندہ سال تک 2 ہزار میگاواٹ برقی بھی حاصل کریں گے۔ وہ ٹی آر ایس ارکان ڈی ونئے بھاسکر اور دیگر کے پوچھے گئے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا صنعتوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی یقینی بنائی جائے گی، کے ٹی آر نے کہاکہ برقی دستیابی کے مطابق سربراہ ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ نئی پالیسی میں ایس سی اور ایس ٹی کی تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اِس مقصد کے لئے نہ صرف یہ کہ اُنھیں تربیت دی جائے گی بلکہ صنعتی یونٹس کے قیام کو یقینی بنانے قرضوں کیلئے مارجن منی بھی ادا کی جائے گی۔ اِس کے علاوہ خاتون صنعت کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں صنعتی پارکس قائم کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا جارہا ہے۔ اِس کے علاوہ ورنگل میں ٹکسٹائیل پارک کے قیام کی بھی تجویز ہے۔