تلنگانہ حکومت کا جاری کردہ بجٹ اور خرچ کا حساب ناگزیر

پوسٹ بجٹ کنسلٹیشن اجلاس سے جناب سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) رضاکارانہ تنظیم پیپلز یونین فار سیلف ہیلپ اینڈ سوشیل جسٹس کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ کنسلٹیشن آف تلنگانہ اسٹیٹ کے عنوان پر منعقدہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے سابقہ بجٹ پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں کہاکہ اقلیتوں کے لئے ایک ہزار 35 کروڑ کا بجٹ جاری کرنے کا دعویٰ پیش کرنے والی حکومت نے اقلیتوں کے لئے جاری کردہ بجٹ کی کتنی رقم خرچ کی ہے اس کا حساب ناگزیرہے۔جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ بجٹ کے متعلق جان کاروں اور سماجی جہدکاروں کے متضاد بیانات اوراعداد وشمار کی مناسبت سے سابق بجٹ کی 80فیصد سے زیادہ رقم سرکاری خزانے میں واپس ہوگئی ہے جس کاقوی خدشہ تھا۔ سال2014-15کے بجٹ میںاقلیتوں کے لئے مختص کردہ بجٹ کے خاطرخواہ استعمال کے لئے بھی ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جن اسکیمات سے اقلیتوں بالخصوص مسلم اقلیت کو فائدہ پہنچے گا اسکے متعلق حکومت تلنگانہ کو چاہئے کہ وہ عوام میں شعور بیداری اور اشتہاری مہم چلائے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ حکومت کی فلاحی اسکیما ت سے واقف ہوسکیں۔ انہوں نے مسلمانوں کے اندر تعلیمی سدھار لانے کے لئے خصوصی اقدامات کو ضروری قراردیا۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے ریاست تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کی صیانت کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت کے نئی وقف قوانین پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا اور تلنگانہ کے ہر ضلع میںخصوصی عملے کا تقرر اور وقف ٹاسک فورس کاقیام عمل میںلایا جائے تاکہ وقف اراضیات کی صیانت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ جناب عارض محمد‘ نعیم اللہ شریف‘ منیر پٹیل‘ شیخ شمس الدین احمد‘ محمد فریدالدین‘ ایس کیو مقصود‘ محمد الیاس الرحمن کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔