تلنگانہ حکومت پر ریونت ریڈی کے ریمارکس سیاسی مخاصمت پر مبنی

تلگودیشم رکن اسمبلی کو الزامات ثابت کرنے مباحث کا چیلنج: جوپلی کرشنا راؤ
حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ پر تلگودیشم رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی کی جانب سے عائد کئے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ ریونت ریڈی اگر اِن الزامات کو ثابت کرسکتے ہیں تو وہ کھلے مباحث کے چیلنج کو قبول کریں۔ رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میٹرو ریل معاملت میں حکومت تلنگانہ پر تلگودیشم رکن اسمبلی نے الزامات عائد کرتے ہوئے بوکھلاہٹ کا اظہار کررہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ درگم چیرو کے قریب اراضی کے معاملہ میں حکومت پر جس طرح الزامات عائد کئے جارہے ہیں اُن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اے ریونت ریڈی عدم معلومات کے بعد بھی اپنے بے بنیاد الزامات کو سچ ثابت کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے بتایا کہ سابقہ حکومت نے جو اقدامات کئے تھے اُنہی بنیادوں پر کام جاری ہے لیکن ریونت ریڈی گمراہ کن بیانات کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرتے ہوئے سیاسی مخاصمت کا اظہار کررہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکومت نے مذکورہ اراضی کی اسٹامپ ڈیوٹی پہلے ہی وصول کرلی ہے لیکن ریونت ریڈی کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ اسٹامپ ڈیوٹی اور دیگر محصولات سے مذکورہ اراضی کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جوکہ حقیقت سے بعید ہے۔ رکن اسمبلی ٹی آر ایس نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے مکمل معلومات حاصل کریں اور پھر اِس طرح کے بیانات جاری کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نیک نیتی اور کرپشن سے پاک نظام کے ذریعہ حکمرانی کے نظریہ پر قائم ہے۔ اُنھوں نے میٹرو ریل کی جانب سے حاصل کی گئی درگم چیرو کے قریب کی اراضی کے متعلق کھلے مباحث کا چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ ریونت ریڈی اگر اِن الزامات کے متعلق شواہد رکھتے ہیں تو اِس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے وقت اور جگہ کا تعین کریں تاکہ حقائق کو عوام کے سامنے پیش کیا جاسکے۔