تلنگانہ حکومت سے نئے قلعہ کی حفاظت پر زور

صدر فورم فار بیٹر حیدرآباد ایم ویدا کمار کا بیان
حیدرآباد۔29اگست(سیاست نیوز) مسٹر ایم ویدا کمار صدر فورم فار بیٹر حیدرآباد نے تاریخی عمارتوں کی حفاظت کے متعلق حکومت تلنگانہ ریاست کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھر پورستائش کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ بے شمار تاریخی عمارتوں کا مرکز ہے مگر پچھلے ساٹھ سالوں سے آندھرائی قائدین کے تسلط سے تلنگانہ کے قیمتی اور تاریخی عمارتوں کے وجود کے لئے خطرہ بنا ہوا تھا مگر علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے برسراقتدار آنے والے حکومت کے فیصلوں میں تاریخی عمارتوں کی حفاظت کے متعلق پائے جانے والے خدشات کو اپنے تاریخ سازفیصلوں سے دور کردیا۔ مسٹر ویدا کمار اور سماجی جہدکار ومورخ سجاد شاہد نے کہاکہ اسی طرح تلنگانہ حکومت نیا قلعہ کی حفاظت کے متعلق فیصلہ کرے جس سے نہ صرف تلنگانہ کے قیمتی ورثہ کی حفاظت ہوگی بلکہ قطب شاہی دور حکومت سے نسل درنسل اس مقام پرزراعت کرنے والے کسانوں کے ساتھ انصاف بھی ہوگا۔فورم فار بیٹر حیدرآباد کے قائدین نے کہاکہ فورم نے کبھی بھی گولف کورس کی مخالفت نہیں کی بلکہ گولف کورس کی تعمیر کے نام پر تلنگانہ کے قدیم اور قیمتی ثقافتی ورثہ کے ساتھ ہونے والے کھلواڑ کی مخالفت کرتے ہوئے تلنگانہ کے قیمتی ورثہ کو بچانے کاکام کیا ہے۔ مذکورہ قائدین نے کہاکہ نیا قلعہ سے متصل تالاب تاریخی اہمیت کا حامل ہے اسے بھی مٹی سے بند کردیاجارہا ہے جو عدالتی احکامات کے عین خلاف ہے۔ فورم کی جانب سے نیاقلعہ‘ تالاب کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ علاقہ کے کسانوں کو زراعت کیلئے متبادلہ جگہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔