تلنگانہ حکومت سے مقرر کردہ 8وائس چانسلرس کے تقررات مسترد ، حیدرآباد ہائی کورٹ

حیدرآباد 28جولائی (یواین آئی ) حیدرآباد ہائی کورٹ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 8وائس چانسلرس کی تقرری کو اس بنیاد پر مسترد کردیا کہ یہ تقرری قابلیت کی بنیاد پر نہیں کی گئی۔ چیف جسٹس بھونسلے کی زیر قیادت ہائی کورٹ کی بنچ نے آج یہ فیصلہ سنایا ۔ ہائی کورٹ نے وائس چانسلرس کی تقرری کے سلسلہ میں جاری کردہ سرکاری احکام بھی منسوخ کردیئے تاہم ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل راما کرشنا ریڈی کی اپیل کے بعد تمام تقرری کی منسوخی پر چار ہفتوں تک روک لگادی ۔یہ تقرر دو سال سے نہیں کئے گئے تھے ۔ ہائی کورٹ نے حکومت کی شدید سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ دو سال تک انتظار کرنے والی حکومت دو دن انتظار کیوں نہیں کرسکی ۔ عدالت نے کہا کہ وائس چانسلرس کی تقرری سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر دوراں تھا ایسے وقت میں حکومت کا اس طرح فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے ۔اس سلسلہ میں ریاستی وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے غیر رسمی طور پر میڈیا کو بتایا کہ عدالت کے فیصلہ کا تفصیلی طورپر جائزہ لینے کے بعد حکومت اپنا موقف واضح کرے گی کہ آیا نئی تقرری کی جائے گی یا پھراس معاملہ پر سپریم کورٹ میں اپیل کی جائے گی۔