تلنگانہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ‘ پروفیسر کودانڈا رام کا الزام

حیدرآباد 2 جون ( این ایس ایس ) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی دفتر پر قومی پرچم لہراتے ہوئے پروفیسر کودانڈا رام نے موجودہ حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کی امیدوں کے مطابق کام نہیں کر رہی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کودانڈا رام نے کہا کہ بیروزگاری کا مسئلہ ‘ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کا مسئلہ اور حیرت انگیز اراضی اسکامس ریاستی حکومت کی ناکامیوں کے ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کے جمہوری خواہشات کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے تلنگانہ تحریک کے جذبات کے تحفظ کیلئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی تنظیموں کو عوامی مسائل پر احتجاج کرنے کا موقع تک فراہم نہیں کر رہی ہے ۔ قبل ازیں پروفیسر کودانڈا رام نے گن پارک پہونچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا ۔