تلنگانہ حکومت ایمسیٹ کے انعقاد کے فیصلہ پر اٹل

وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی کی گورنر سے ملاقات، موقف کی وضاحت۔مسئلہ کی یکسوئی کیلئے مساعی
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے واضح کردیا کہ ان کی حکومت اپنے طور پر ایمسیٹ کا انعقاد عمل میں لائے گی اور جس کسی کو تلنگانہ میں داخلہ چاہیئے انہیں ایمسیٹ امتحان لکھنا لازمی رہے گا۔ انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ داخلوں کیلئے موجودہ طریقہ کار برقرار رہے گا۔ایمسیٹ انٹرنس کے انعقاد کے سلسلہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان جاری تنازعہ کے پس منظر میں وزیر تعلیم تلنگانہ جگدیش ریڈی نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ راج بھون میں ہوئی اس ملاقات کے دوران جگدیش ریڈی نے ایمسیٹ کے مسئلہ پر جاری تنازعہ اور اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے موقف سے گورنر کو واقف کرایا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت علحدہ ایمسیٹ کے انعقاد کے فیصلہ پر اٹل ہے جبکہ آندھرا پردیش حکومت کا دعویٰ ہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے تحت اسے دونوں ریاستوں میں ایمسیٹ کے مشترکہ انعقاد کا حق حاصل ہے۔ گورنر نے حال ہی میں دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کو طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ کے خوشگوار حل کی ہدایت دی تھی۔ جگدیش ریڈی نے گورنر کو بتایا کہ تلنگانہ حکومت ایمسیٹ کے دونوں ریاستوں میں انعقاد کیلئے تیار ہے مابقی اُمور کی تکمیل آندھرا پردیش حکومت کے ذمہ کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت کی اس تجویز کو آندھرا پردیش حکومت نے تسلیم نہیں کیا ہے۔ گورنر نے کل سال نو کے موقع پر ملاقات کیلئے آنے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اس مسئلہ پر بات چیت کی تھی جس کے بعد چیف منسٹر نے وزیر تعلیم کو ملاقات کیلئے روانہ کیا تاکہ تلنگانہ حکومت کے موقف کی وضاحت کی جاسکے۔ گورنر سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے واضح کردیا کہ ایمسیٹ تلنگانہ حکومت منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح کے اداروں میں سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہی داخلوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کا رویہ انتہائی جانبدارانہ ہے اور وہ یکطرفہ طور پر فیصلے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آندھرا پردیش کیلئے بھی خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے ایمسیٹ کے شیڈول کا پہلے اعلان کرتے ہوئے بڑی غلطی کی۔ تقسیم سے متعلق قانون کے مطابق تلنگانہ کو یہ حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی تجویز سے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ اور پھر اس کے بعد داخلوں کا موجودہ طریقہ کار ہی برقرار رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر اس مسئلہ کی مستقل یکسوئی کیلئے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس یا وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔