خود روزگار سے متعلق کئی اسکیمات کا آغاز ، اسمبلی میں وزیر فینانس ای راجندر کا خطاب
حیدرآباد۔/11نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ حکومت پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کی پابند ہے۔ حکومت نے ان طبقات کیلئے خود روزگار سے متعلق کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اور مختلف اداروں سے انہیں سبسیڈی اور بینکوں سے قرض کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیر فینانس آج تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے رکن ٹی جیون ریڈی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی سے حکومت کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 10اضلاع کیلئے حکومت نے اقلیتی بہبود کے تحت 1030 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے مختلف اداروں کے تحت 80سے زائد اسکیمات حکومت کے زیر غور ہے۔ وزیر فینانس نے کریم نگر ضلع میں گزشتہ مالیاتی سال مختلف اسکیمات کے تحت اقلیتوں اور دیگر طبقات کو فراہم کی گئی امداد کی تفصیلات بیان کی۔ ٹی جیون ریڈی اور دیگر ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کی معاشی ترقی کے سلسلہ میں خود روزگار پر مبنی اسکیمات پر عمل آوری کرے۔ ارکان نے ایس سی، ایس ٹی طبقات کی پسماندگی اور ابتر صورتحال کا تذکرہ کیا۔ اس مرحلہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مداخلت کی اور کمزور طبقات سے متعلق اسکیمات کا جائزہ لینے کیلئے اندرون ایک ہفتہ فلور لیڈرس کا اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دلتوں کیلئے سبسیڈی کے طور پر 178کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ایس سی، ایس ٹی سب پلان کے بجٹ کی سابق میں دیگر کاموں کیلئے منتقلی کا حوالہ دیتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت سب پلان کے مکمل خرچ کو یقینی بنائے گی۔ ٹی جیون ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کمزور طبقات اور اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے قرض کی اجرائی کے سلسلہ میں کمزور طبقات کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں بینکرس کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا۔