تلنگانہ حکومت آج نرسمہا راؤ کی یوم پیدائش تقریب منائیگی

حیدرآباد 27 جون ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے کل اتوار کو سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی یوم پیدائش تقریب منائی جائیگی ۔ تلنگانہ حکومت نے سال گذشتہ بھی نئی ریاست کی تشکیل کے فوری بعد پی وی نرسمہا راؤ کی سالگرہ تقریب کا اہتمام کیا تھا ۔ نرسمہا راؤ 28 جون 1921 کو ضلع کریمنگر میں پیدا ہوئے تھے جو فی الحال تلنگانہ ریاست میں ہے۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی وی نرسمہا راؤ کے یوم پیدائش کی سرکاری تقریب حسین ساگر جھیل کے کنارے پی وی گیان بھومی پر منعقد ہوگی ۔ ملک کیلئے نرسمہا راؤ کی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ یہ تلنگانہ کیلئے فخر کی بات ہے کہ سابق وزیراعظم نرسمہا راؤ کا ریاست سے تعلق تھا ۔ نرسمہا راؤ کو ایک زبردست منتظم اور ادیب قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے تاریخ میں ایک اہم مقام حاصل کیا ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی کانگریس یونٹوں نے بھی کل نرسمہا راؤ کی یوم پیدائش تقاریب منانے کیلئے تقاریب کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے طویل سیاسی کیرئیر میں نرسمہا راؤ کانگریس کے صدر بھی رہے ۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارچ کانگریس امور تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ڈگ وجئے سنگھ پارٹی کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کرینگے ۔