تلنگانہ حج کمیٹی کا جمعرات کو اجلاس حج 2018 ء انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس 10 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی کے تشکیل کے بعد سے یہ دوسرا اجلاس ہے۔ پہلے اجلاس میں صدرنشین کی حیثیت سے مسیح اللہ خاں کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ دوسرا اجلاس چہارشنبہ کو 11 بجے دن حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے ایجنڈہ میں حج 2018 ء کے انتظامات پر غور کیا جائے گا ۔ رمضان المبارک کے بعد منتخب عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ کمیٹی حیدرآباد اور اضلاع میں تربیتی کیمپس منعقد کرے گی۔ ابھی تک 5 تربیتی کیمپس حیدرآباد میں منعقد کئے گئے جبکہ اضلاع میں حج سوسائٹیوں نے اپنے طور پر تربیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا ۔ حج کمیٹی نے صدرنشین کے بشمول جملہ 15 ارکان ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم بااعتبار عہدہ کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ پروفیسر ایس اے شکور کمیٹی کے ممبر سکریٹری ہیں۔ تمام ارکان کو دعوت نامہ روانہ کردیا گیا ۔ تاہم شیعہ رکن شمیم آغا کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ اگرچہ انہوں نے تحریری طور پر استعفیٰ نہیں دیا لیکن استعفیٰ سے متعلق فون پر روانہ کردہ میسج کی بنیاد پر اجلاس سے دور رکھا گیا ہے۔ شمیم آغا کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے اور ان کے نام کی شمولیت کے بعد تنازعہ پیدا ہوا تھا ۔ ارکان کو سیٹنگ فیس کے طور پر 3000 روپئے حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے جبکہ صدرنشین کی تنخواہ اور دیگر مراعات کے سلسلہ میں ابھی تک سرکاری احکامات کی اجرائی باقی ہے۔