تلنگانہ جے اے سی دفتر کی 21سنچری کامپلکس میں منتقلی

سنہرے تلنگانہ پر حکومت کے اقدامات کی تائید، پروفیسر کودنڈارام چیرمین کمیشن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔26ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نئے دفتر کا 21سنچری کامپلکس کی دوسری منزل پر افتتاح عمل میں آیا۔ چیرمین کمیٹی پروفیسر کودنڈارام کے علاوہ صدر ٹی جی اوز وی ممتا‘صدر ٹی این جی او ز گریٹر حیدرآباد رویندر ریڈی‘ گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو‘ کے علاوہ ٹی جے اے سی اسٹیرنگ کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ تلنگانہ کمیٹی ریاست میں جاری کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ کے علاوہ سرکاری ملازمین او رمحکموں کی تقسیم اور ریاست تلنگانہ کو درپیش پانی کی سنگین قلت پر مشاورت کے بعد مضبوط حکمت عملی تیا ر کرے گی۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید وحمایت کرتے ہوئے پچھلے ساٹھ سالوں سے پسماندگی کاشکار ریاست تلنگانہ کی تعمیرنو میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی تعمیر رول ادا کرے گی۔پروفیسر کودنڈارام نے اس موقع پر بتایا کہ 27ستمبر کو کونڈا لکشمن باپو جی کی 100ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرامس کی تفصیلات پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھی پروگرامس کا اعلان کیاجائے گا۔پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی شدت کے ساتھ دوبارہ سرگرمیا ں شروع کرنے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔