تلنگانہ جہدکاروں کو خصوصی اعزاز سے نوازنے کا مطالبہ

ٹی آر سی کا مذاکرہ، صدر تلنگانہ پرجا سمیتی بھوپتی کرشنا مورتی کا خطاب

حیدرآباد۔16مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریسورس سنٹر کے ہفتہ واری 113ویں مذاکرے سے خطاب کے دوران تلنگانہ حامی جہدکاروں نے شہدائے تلنگانہ کے بشمول تلنگانہ تحریک کے تمام جہدکاروں کو مجاہد جنگ آزادی کے اعزاز سے نوازنے کا مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا۔1969تلنگانہ تحریک کے جہدکار وں کا تلنگانہ کی تعمیر جدید میں رول کے عنوان پر صدارتی خطاب کے دوران مسٹر بھوپتی کرشنا مورتی صدر تلنگانہ پرجاسمیتی نے کہاکہ جس طرح انگریز حکمرانوں سے ہندوستان کو آزاد کرانے کے لئے جیالوں کی ٹولیاں نکلی تھی اسی طرز پر 1969میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے آندھرائی حکمرانوں کی غلامی سے چھٹکارے کی تحریک شروع کی تھی۔انہوں نے کہاکہ انگریزوں کی طرح ہی آندھرائی پولیس اہلکاروں نے تلنگانہ حامی نوجوانوں پر بے دریغ فائرنگ کرتے ہوئے کئی نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ مذاکرے سے 1969تلنگانہ تحریک کی طلبہ تنظیموں کے قائدین پی جے سوری‘ ڈاکٹر ایم سریدھر ریڈی‘ جنگم رائو گوڑ‘ ٹھاکر گوپال سنگھ‘ فاونڈرممبر تلنگانہ پرجاسمیتی جناب ثناء اللہ خان ‘ ڈی شنکر‘ ایس گوپال‘ دیویکی دیوی‘ اشوک گوڑ نے بھی مخاطب کیا۔ جناب ثناء اللہ خان نے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے تلنگانہ اور تلنگانہ حامی جہدکاروں کو مجاہد جنگ آزادی کی طرح انہیں حکومت کی جانب سے مکانات اور وظائف دینے کا بھی مرکزی اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ۔