تلنگانہ جہدکاروں کا نیا متحدہ پلیٹ فارم تشکیل

حیدرآباد ۔ 6 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حصول ریاست تلنگانہ کی جدوجہد میں سرگرم عمل حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ جہدکاروں کے ساتھ ایک نیا متحدہ پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے اور بالخصوص تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے کسی سیاسی جماعت سے وابستگی اختیار نہ کرنے والے جہدکاروں کی جانب سے یہ متحدہ پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے۔ اس متحدہ پلیٹ فارم کے کنوینر کی حیثیت سے مسٹر سی سدھاکر کی نامزدگی عمل میں لائی گئی جبکہ مسٹر سی سدھاکر سابق میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی پولیٹ بیورو رکن رہ چکے ہیں، بتایا جاتا ہیکہ بنگارو تلنگانہ کے مسئلہ پر اس متحدہ پلیٹ فارم کے اجلاس میں تفصیلی مباحث ہوئے اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد بڑے پیمانے پر جلسہ عام منعقد کرنے کا کنوینر متحدہ پلیٹ فارم (متحدہ محاذ) مسٹر ایس سدھاکر نے اعلان کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ متحدہ محاذ کا اب تک ہی دو مرتبہ اجلاس منعقد کیا جاچکا ہے۔ پہلا اجلاس ضلع ورنگل کے جنگاؤں میں اور دوسرا اجلاس حیدرآباد کے ناچارم کے مقام پر منعقد ہوا اور آج کے منعقدہ اجلاس میں زائد از 40 انتہائی اہم تنظیموں سے وابستہ سرگرم قائدین نے شرکت کی اور بتایا گیا کہ اس اجلاس میں تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر کیا کہا گیا تھا، کس طرح کے وعدہ کرکے کیا کیا تیقنات دیئے گئے تھے اور دیگر موضوعات پر تفصیلی مباحث ہوئے اور غوروخوض کیا گیا۔ لہٰذا ان تمام وعدوں، تیقنات پر عمل آوری کیلئے پھر ایک بار زبردست جدوجہد شروع کرنے کی شدید ضرورت پر زور دیا گیا۔ بتایا گیا کہ حصول تلنگانہ کی جدوجہد میں سماجی تلنگانہ کا وعدہ کیا گیا تھا۔ دلت شخص کو ہی چیف منسٹر بنانے کا جدوجہد تلنگانہ کے دوران اظہار کیا گیا۔ ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل آوری نہیں ہوئی اور تلنگانہ عوام تلنگانہ ریاست کے حاصل ہونے کا تصور نہیں کر پارہے ہیں جس کی وجہ سے سابق کی صورتحال (تلنگانہ عوام کے ساتھ مکمل ناانصافی) جوں کی توں جاری ہے۔