اضلاع کیلئے انچارجس کا تقرر، عوامی تائید میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نو قائم شدہ تلنگانہ جنا سمیتی نے اضلاع میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں مختلف اضلاع کے لئے انچارجس کا تقرر کیا گیا ۔ رکن قانون ساز کونسل دلیپ کمار کو کھمم ضلع کا انچارج مقرر کیا گیا ہے جبکہ ورنگل کیلئے اے سرینواس ، کریم نگر کیلئے جی اننیا، وقار آباد سری سیلم ریڈی ، نظام آباد گوپال شرما ، نلگنڈہ ودیادھر ریڈی اور سدی پیٹ کیلئے بی رمیش کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کی قیادت میں نئی سیاسی جماعت کا قیام عمل میں آیا جس میں 29 اپریل کو حیدرآباد کے سرور نگر علاقہ میں بڑی ریالی کے ذریعہ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ پارٹی کی عوامی تائید میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین ان سے ربط میں ہیں اور تلنگانہ جنا سمیتی میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کر رہے ہیں۔ کودنڈا رام نے بتایا کہ بہت جلد تمام اضلاع کیلئے انچارجس کا تقرر مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع واری سطح پر پارٹی کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے اضلاع میں سمیتی کو مستحکم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں سے عوام بیزار ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں متبادل سیاسی طاقت کے طور پر جنا سمیتی کو دیکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔ حکومت کی جانب سے مختلف پابندیوں کے باوجود عوام کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوامی توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ دلیپ کمار نے کہا کہ ریاست میں سرکاری ملازمین ، تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان اور کسان حکومت سے ناراض ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے احتجاج کو تلنگانہ جنا سمیتی کی تائید حاصل رہے گی۔