تلنگانہ جلد ہی صدفیصد خواندگی کی ریاست ہوگی

وزیر برقی جگدیشور ریڈی کا بیان
حیدرآباد 28 فروری (آئی این این) وزیر برقی جگدیشور ریڈی نے آج دعویٰ کیاکہ تلنگانہ حکومت ریاست میں 100% خواندگی کے نشانہ کو جلد ہی حاصل کرے گی۔ یہاں نیکلس روڈ پر 5k رن کو جھنڈی دکھانے کے بعد میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ ریاست تلنگانہ جلد ہی 100 فیصد خواندگی کی ریاستوں کی فہرست میں کیرالا کے ساتھ ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست میں 100% خواندگی کے حصول کے لئے سنجیدہ ہیں اور یہ این جی اوز اور تمام افراد کے تعاون سے ہوسکتا ہے۔ وزیر موصوف نے ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے تمام این جی اوز سے تعاون بھی طلب کیا۔ انھوں نے روٹری کلب کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور کہاکہ یہ تنظیم ناخواندگی کو ختم کرنے کے لئے ایک سرگرم رول ادا کررہی ہے۔