قاضی پیٹ ریلوے کورٹ میں حاضری کے بعد وزیر فینانس ای راجندر کا بیان
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس و سیول سپلائیز حکومت تلنگانہ ای راجندر نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران درج کردہ تمام مقدمات کو ختم کرنے یا دستبرداری اختیار کرلینے کی مرکزی حکومت سے پرزور اپیل کی۔ ای راجندر جنہوں نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران ان پر درج کردہ مقدمات کے سلسلے میں آج قاضی پیٹ ریلوے کورٹ میں حاضر ہوئے تھے۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے حلقہ لوک سبھا ورنگل میں منعقدہ ضمنی انتخابی نتیجہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ورنگل کے عوامی فیصلہ نے اپوزیشن جماعتوں کو بہتر سبق سکھایا، لہذا اب اپوزیشن جماعتوں سے حکومت کے خلاف غلط تشہیر اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے طریقہ کار سے باز آجانے کی وزیر فینانس نے خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ محض اقتدار سے محروم ہوجانے کی وجہ سے انتقامی رویہ اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں، جبکہ حلقہ لوک سبھا کے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کے برسراقتدار ٹی آر ایس پر عائد کردہ تمام الزامات کو نہ صرف نظرانداز کررہی بلکہ کوئی توجہ ہی نہیں دی جس کے نتیجہ میں ٹی آر ایس امیدوار پی دیاکر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر دکھایا بلکہ ضلع ورنگل کے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کے منہ پر طمانچہ رسید کیا ہے اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا ساتھ دے کر ان کے عزائم کو مزید مستحکم بنایا۔