جی ایچ ایم سی حددو میں ڈاٹابیس کی تیارکا کام اب بھی جاری ۔نئی اسکیمات کا جلد اعلان ممکن
حیدرآباد15ستمبر(سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت جامع گھریلو سروے کی تفصیلات کا آن لائن اندراج کا کام مکمل کرلیاگیاہے۔اب حکومت جلد ہی نئی اسکیمات کومتعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔جی ایچ ایم سی حددو میں اب بھی سروے کی تفصیلات کا اندراج جاری ہے۔تلنگانہ حکومت نے جامع گھریلوسروے کے ذریعہ حاصل کردہ تفصیلات سے 1کروڑ3لاکھ خاندانوں کی معاشی حالت پرمبنی ڈاٹابیس تیار کرلیاہے۔ڈاٹا بیس کی تیاری کے بعد اب حکومت مستقبل کی حکمت عملی کو تیار کررہی ہے ۔ آن لائن میں درج تفصیلات کی بنیادپر تلنگانہ حکومت نے 22رپورٹس تیار کرلیے ہیں۔ ریاست بھر میں ایک ہی روزجامع گھریلو سروے کرانے والی تلنگانہ حکومت مستقبل کی حکمت عملی کو قطعیت دینے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کررہی ہے ۔جس کے تحت سروے کے اندراج کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ کریم نگر اور نلگنڈہ ، محبو ب نگر ، نظام آباد ، عادل آبا د سمیت تمام اضلاع میں میں آن لائن تفصیلات کا اندراج کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حددو میں سروے کی تفصیلات کے اندراج کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔حکام کا کہناہے کہ بہت جلد جی ایچ ایم سی حددو میں بھی سروے کا ڈاٹا بیس تیار کرلیاجائیگا۔ حکام کا کہناہے کہ کاسٹ ، سب کاسٹ ، آدھار کارڈ ، آبادی کے تفصیلات ، معذوریں ،مویشی ، زمینات ، پنشن ،سرکاری وغیر سرکاری ملازمین اور مکانات جیسے مختلف موضوعات سے متعلق تفصیلات کا ڈاٹا بیس تیار ہوچکا ہے۔حکام کا کہناہے کہ تلنگانہ حکومت اس ڈاٹابیس کی مدد سے حقیقی مستحق عوام تک فلاحی اسکیمات کو پہنچائیگی۔حکام نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے یکم نومبر سے نئی پیشن اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔اس کے علاوہ کے سی آر حکومت جلدہی نئے راشن کارڈ جاری کرنے کافیصلہ کیاہے۔کے سی آر حکومت نئے راشن کارڈس اورنئے اسکیمات کو بائیومیٹریک سسٹم سے مربوط کرنے کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت تمام بینک کھاتوں اور آدھارکارڈ سے بھی تمام اسکیمات کو مربوط کریگی۔حکام نے بتایا کہ رنگاریڈی ضلع میں منریگاکے تحت تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بائیومیٹریک سسٹم کا استعمال کیاگیا۔اورتنخواہیں راست طورپراستفادہ گیندگان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی ہے۔حکام اب اس منصوبہ کو ریاست کے تمام اضلاع میں نافذکرنے کی تیاری کررہے ہیں۔تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیوشرما نے تمام پرنسپل سکریٹریزاورضلع کلکٹروں کو فلاحی اسکیمات پرعمل آوری کے لیے سروے کے بعد تیارکردہ ڈاٹا بیس کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔چیف سکریٹری نے اپنے تازہ احکامات میںسرکاری اسکیمات کا فائدہ حقیقی افراد تک پہنچانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کامشورہ دیا ہے ۔ حکام نے بتایاکہ عہدیدار پہلے ایک گاؤں کا انتخاب کرکے سروے کے تفصیلات اور علاقائی صورتحال کا تقابل کرینگے ۔ اس تجربے کی بنیاد پوری ریاست میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کوقطعیت دیں گے ۔ حکام کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ سروے کے ذریعہ حاصل کردہ تفصیلات کا جائزہ لیں گے۔اس سروے کے ذریعہ بے گھر عوام کی تعداد معلوم کرنے کی کوششیں کی گئی ۔حکومت نے سروے کے ذریعہ ایس سی، ایس ٹی ،بی سی ، اور دیگرطبقات کی موجودہ آبادی کا پتہ لگانے کی بھی کوشش کی ہے ۔اسی لیے امید ظاہرکی جارہی ہے کہ مستحق پسماندہ مسلم خاندانوں کی نشاندہی کوبھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت ریاست میں سروے کی بنیادپرمسلمانوں کو ریزوریشن فراہم کرنے راہ ہموارکرنے پرغورکررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات کی موجودہ آبادی کا جائزہ لینے کے بعد پسماندہ طبقات کے مختلف زمروں میں مستحق دلت اور مسلمانوں کے طبقات کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے ۔تاکہ پسماندہ اور غریب عوام کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔