جناب این محمد فاروق ، خصوصی طور پر مدعو ، عوام کو عید الفطر کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد اخوت و بھائی چارہ کا شہر ہی نہیں بلکہ اس شہر کی تہذیب و فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایک مثالی رہی ہے ۔ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ ایکدوسرے سے جدا ضرور ہوتے ہیں تاہم ایکدوسرے کے دل جدا نہیں ہوئے ہیں لیکن آندھرا پردیش سے تلنگانہ علحدہ ہونے کی وجہ سے آندھرا پردیش بالخصوص علاقہ رائلسیما کے عوام کو گہری چوٹ لگی ہے ۔ آج نمائش میدان پر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے زیر اہتمام ترتیب دی گئی افطار پارٹی سے بحیثیت مہمان خصوصی جذباتی انداز میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نشین آندھرا پردیش قانون ساز کونسل جناب این محمد فاروق نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ آندھرائی عوام بشمول رائلسیما کے عوام نے شہر حیدرآباد سے ہی بہت کچھ تہذیب سیکھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حیدرآباد کا نام متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں فخر سے لیا کرتے تھے ۔ لیکن آج ہم کس مقام کا نام لینا چاہئے تذبذب کا شکار ہیں ۔ جناب این محمد فاروق نے کہا کہ ایکدوسرے سے علحدہ ہونے کے باوجود آپ تمام ہمارے دل میں ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں انہوں نے شہر حیدرآباد کی ترقی کے لیے کئی اقدامات کئے اور مختلف عہدوں پر فائز رہے اور آج بھی چیف منسٹر مسٹراین چندرا بابو نائیڈو نے انہیں صدر نشین آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کے عہدے پر فائز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر حیدرآباد کو کبھی بھول نہیں پائیں گے ۔ جناب این محمد فاروق نے تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی قیادت سے انہیں مدعو کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دی ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی و سابق رکن پارلیمان مسٹر ایل رمنا نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہماری مشترکہ تہذیب رہی ہے اور تلگو دیشم پارٹی بھی اس مشترکہ تہذیب کا حصہ ہی ہے اور اس مشترکہ تہذیب سے متاثر ہو کر ہی بانی تلگو دیشم پارٹی آنجہانی این ٹی راما راؤ نے سیکولر تلگو دیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا ۔ مسٹر محمد تاج الدین صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل ، ایم این سرینواس صدر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگو دیشم پارٹی نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ افطار پارٹی میں شرکت کرنے والے اہم قائدین میں محمد یوسف آرگنائزنگ سکریٹری تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی ، جی گرو مورتی سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و ایڈوکیٹ ، سید حامد حسین شطاری ، سید فضل اللہ قادری موسوی ، حبیب محمد العیدروس ، علی الگتمی ، عظمت اللہ جعفری ، مختار حسین صدر سٹی تلگو دیشم اقلیتی سیل ، زبیر عمودی ، محمد افضل ، سید بشیر ، محمد عتیق ، بچی لنگم ، پرکاش ریڈی و دیگر قائدین شامل تھے ۔ مفتی مستان قادری نے نماز مغرب کی امامت کی ۔ برادر سراج الرحمن نے مذہب اسلام اور ماہ رمضان کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ جناب سید فضل اللہ قادری موسوی نے قبل از افطار دعا کی ۔۔