حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم کے اہم قائدین نے آج صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور انتخابات کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ نائیڈو سے ملاقات کرنے والے قائدین میں مسرس ایل رمنا ، آر چندر شیکھر ریڈی ، ٹی دیویندر گوڑ ، این ناگیشور راؤ ، آر پرکاش ریڈی ، ای پیدی ریڈی ، ایم وینکٹیشور راؤ ، اروند کمار گوڑ ، امرناتھ بابو و دیگر شامل تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین کو انتخابی مفاہمت و دیگر سیاسی امور کی انجام دہی کیلئے انتخابی کوارڈینیشن کمیٹی ، انتخابی منشور کمیٹی اور انتخابی پبلسٹی کمیٹی کی تشکیل کیلئے فہرست پیش کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ مفاہمت اور نشستوں کو قطعیت دینے انتہائی احتیاط سے کام لینے کے ساتھ انتخابی منشور میں عوامی مسائل و ضروریات کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے منشور مرتب کرنے کا مشورہ دیا ۔ نائیڈو نے یقین دلایا کہ ان کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا ۔ تاہم انہوں نے قائدین سے متحدہ طور پر پارٹی کو مستحکم بنانے جدوجہد کی ہدایت دی ۔ علاوہ ازیں پارٹی کی کامیابی کیلئے ہرممکن کوشش کرنے ‘زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی کو یقینی بنانے کی خواہش کی ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ تلگودیشم نے دیگر پارٹیوں سے انتخابی مفاہمت کے ایک حصہ کے طور پر سی پی آئی قائدین کے ساتھ رسمی بات چیت کی اور ایک دوسرے سے تعاون پر زور دیا گیا ۔ آئندہ ایک اور نشست کے موقعہ پر حلقوں کی تعداد و نشاندہی پر بات چیت ہوگی ۔ اسی طرح صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے آج صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے ٹیلی فون پر ربط پیدا کیا اور ملاقات کیلئے وقت کا تعین کرنے کی خواہش کی ۔ بتایا گیا کہ اتم کمار ریڈی نے /11 ستمبر کو ملاقات کرنے وقت کا تعین کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فی الوقت کانگریس ، تلگودیشم ، سی پی آئی اور تلنگانہ جناسمیتی کے مابین اتحاد کیلئے راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ اس طرح چاروں جماعتیں آپسی اتحاد کیلئے تیار نظر آرہی ہیں تاکہ مکمل اتحاد کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیکر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو اقتدار حاصل کرنے سے بہرصورت روکا جاسکے ۔