تلنگانہ تلگودیشم قائدین کا آج جشن

آئندہ چند برسوں میں پارٹی کو مزید استحکام، ایل رمنا اور ای دیاکر راؤ کا بیان
حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی تلنگانہ قائدین 19 مئی کو تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو حاصل ہوئی کامیابی کا جشن منعقد کریں گے۔ مسٹر ایل رمنا رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ عوام نے تلگودیشم پارٹی کو مسترد نہیں کیا ہے بلکہ تلگودیشم پارٹی کے لئے علاقہ تلنگانہ میں نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ اِن حوصلہ افزاء نتائج کے ساتھ تلگودیشم پارٹی علاقہ تلنگانہ میں آئندہ چند برسوں میں اپنا حقیقی مضبوط موقف تیار کرے گی۔ مسٹر ایل رمنا نے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے تلگودیشم پارٹی کو جس انداز سے نشانہ بنایا ہے اُس سے پارٹی کی کامیابی بالخصوص علاقہ تلنگانہ میں حاصل ہونے والی نشستوں سے اِس بات کا اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ عوام کو حقائق کا اندازہ ہوچکا ہے اور بہت جلد ہر کسی تک یہ حقائق پہونچ جائیں گے۔ اِس موقع پر موجود رکن اسمبلی ای دیاکر راؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ قائدین کی جانب سے 19 مئی کو منعقد کئے جانے والے جشن میں صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو بھی موجود رہیں گے اور پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کو ترتیب دیا جائے گا۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ آج علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب صرف تلگودیشم پارٹی کے سبب شرمندۂ تعبیر ہوا ہے چونکہ تلگودیشم پارٹی نے ریاست کی تقسیم کے لئے جو مکتوب حوالے کیا تھا اُس سے دستبرداری اختیار نہیں کی جس کے نتیجہ میں مرکزی حکومت کو تقسیم ریاست کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور عوام کو مسائل سے پاک حکمرانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنی کوشش کرے گی۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ کی مجموعی ترقی کے علاوہ تلنگانہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے تلگودیشم پارٹی ہر طرح کی جدوجہد کرے گی تاکہ تشکیل تلنگانہ کے مقصد کو پورا کیا جاسکے۔