عدم تعاون کی بات غلط : جی کشن ریڈی
حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ یہ بات صحیح نہیںہیکہ مرکز تلنگانہ کی ترقی کیلئے تعاون نہیں کررہا ہے جبکہ بی جے پی تلنگانہ کی ترقی کیلئے تمام تر کوششیں کررہی ہے۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ریاستی بی جے پی ریاست اور مرکز کے درمیان ایک پل کا کام کرے گی۔ دہلی سے واپسی پر کشن ریڈی نے کہا کہ انہوں نے چند مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی مسائل سے انہیں واقف کروایا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز ریاست میں ہیلت یونیورسٹی، گیس پائپ لائنس اور اسپورٹس کامپلکس کی منظوری دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر مناسب یادداشتیں دیتے ہیں تب ان پراجکٹس کا حصول ممکن ہے۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک نوٹ پیش کریں گے۔