تلنگانہ تحریک کے لیے جان کی قربانی دینے والوں کو خراج تحسین

حکومت متاثرہ خاندانوں کو مراعات دے : تلنگانہ ایلڈرس فورم

حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ ایلڈرس فورم کے قائدین راملو سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس ، پروفیسر رماملکوٹے وسویشور ریڈی (فرزند جسٹس مادھو ریڈی سابق چیف جسٹس ) پروفیسر رمیش ریڈی سابق ڈین عثمانیہ یونیورسٹی ، ڈاکٹر مرلی دھر راؤ سابق چیف میڈیکل آفیسر نظام شوگر فیاکٹری ، جناب ظہیر الدین علی خاں ( مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ) ، کے ایم عارف الدین ، ڈاکٹر چرنجیوی ( تلنگانہ فاونڈرس فورم ) ، ڈی پی ریڈی ( تلنگانہ این آر آئی فورم ) ، بھاسکر بینی ، انور علی ایڈوکیٹس ، جیوتی کرن ایڈوکیٹ ہائی کورٹ ، میجر سید غوث قادری ، پروفیسر اے وملا ، علی الدین قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں تلنگانہ تحریک کے لیے جان کی قربانی دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نا انصافی و استحصال کے خلاف تلنگانہ تحریک مختلف مراحل طے کرتے ہوئے بالاخر کامیابی سے ہمکنار ہوئی جس میں بلاتخصیص مذہب سماج کے مختلف طبقات نے سرگرم حصہ لیا اور تشدد سے گریز کیا ۔ درحقیقت عوامی تحریکیوں سے ہی جمہوری نظام حکومت کی شان قائم ہے ۔ تحریک کے دوران بے شمار نوجوانوں اور طلباء نے اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا ۔ اور کئی سرگرم نوجوانوں پر مقدمات دائر کئے گئے ۔ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ خودکشی کرنے والے خاندانوں کو فیملی پنشن ، زمین کا پلاٹ اور ہر خاندان سے ایک فرد کو قابلیت کی مناسبت سے ملازمت دے ۔ علاوہ ازیں احتجاجی نوجوانوں پر دائر کردہ مقدمات سے دستبردار ہوجائے ۔ تاکہ ریاست میں خوشگوار ماحول پیدا ہوسکے ۔ قائدین نے کہا کہ سرحدوں کی تقسیم سے دلوں کی تقسیم نہیں ہوتی ۔ سیما آندھرائی عوام اہل تلنگانہ کے ساتھ بھائی بھائی کی طرح رہیں ۔۔