تلنگانہ تحریک کے احتجاجیوں کے خلاف مقدمات سے دستبرداری

حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اپنے اہم انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے تلنگانہ ایجی ٹیشن کے دوران درج کئے گئے مقدمات سے دستبرداری کا عمل شروع کردیا ہے ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی جو ناسازیٔ مزاج کے سبب ہاسپٹل میں شریک ہیں، انہوں نے آج تلنگانہ جہد کاروں پر مقدمات کی فائل ہاسپٹل طلب کی اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد فائل پر دستخط کردیئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 690 مقدمات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں ان مقدمات کو ترجیح دی گئی ہے جو زیادہ شدید نوعیت کے نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مابقی مقدمات کے سلسلہ میں حکومت مرحلہ وار طور پر جائزہ لے گی اور ان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ایسے مقدمات جن میں سخت گیر آئی پی سی کی دفعات لگائی گئیں اور جن کے چارج شیٹ عدالت میں پیش کردیئے گئے، ان سے دستبرداری کے سلسلہ میں حکومت کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قانونی ماہرین اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے اس سلسلہ میں مشاورت کی جارہی ہے۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ کیا پولیس کی جانب سے عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے مقدمہ سے دستبرداری کی سفارش کی جاسکتی ہے؟ ۔

گورنر نرسمہن آج سوچھ بھارت پروگرام میں حصہ لیں گے
حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( این ایس ایس ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، ان کی شریک حیات ویملا نرسمہن اور راج بھون کے تمام سینئر افسران و ارکان عملہ 2اکٹوبر کو 9بجے صبح راج بھون اسٹاف کالونی کے کمیونٹی ہال ، اسکول اور دیگر علاقوں میں سوچھ بھارت ابھیان میں حصہ لیں گے۔ نرسمہن اور افسران راج بھون جمعرات کو 11.30 بجے دن گاندھی ہاسپٹل میں منعقد کئے جانے والے سوچھ بھارت پروگرام میں بھی حصہ لیں گے ۔ انہوں نے دونو ں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا بنانے کیلئے خود کو دوبارہ وقف کردیں اور اس پروگرام میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیں۔