تلنگانہ تحریک میں ودیا ساگر راؤ کے رول کی ستائش : چندر شیکھر راؤ

حیدرآباد۔9 نومبر (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سی ایچ ودیا ساگر راؤ کی ستائش کرتے ہوئے جنہیں گورنر مہاراشٹرا مقرر کیا گیا ہے، کہا کہ انہوں نے علیحدہ ریاست کے حصول کیلئے چلائی گئی تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ جل وہار پر منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں کے سی آر نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ودیا ساگر راؤ کو تہنیت پیش کی۔ اس تقریب میں گورنر ایس ایس ایل نرسمہن، ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی، ڈاکٹر ٹی راجیا، وزراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ممتاز شخصیتیں موجود تھیں۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے ودیا ساگر راؤ کے گورنر مہاراشٹرا بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ودیا ساگر راؤ کے ساتھ ان کے تین دہوں طویل تعلقات ہیں اور انہوں نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے کاز کیلئے مل کر جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد ودیا ساگر راؤ کو گورنر مقرر کرنا تلنگانہ کیلئے ایک اعزاز ہے۔