حیدرآباد۔19جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمین پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ تحریک کو عوامی جذبات اور احساسات کے مرکز سے تعبیر کیا۔ تلنگانہ پنچایت سکریٹری اسوسیشن کی طبع کردہ سال نو ڈائری کی تقریب رسم اجرائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہاکہ تلنگانہ تحریک کے ذریعہ ہی تلنگانہ کی عوام کے ساتھ جاری ناانصافیوں کوختم کیا جائے گا۔ٹی این جی اوز بھون نامپلی میںمنعقد ہ اس تقریب سے صدر ٹی جی او مسٹر دیوی پرساد کے علاوہ صدرنشین مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس مولانا حامد محمد خان‘ سکریٹری ٹی جی او دیگر قائدین نے بھی مخاطب کیا۔ اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ کے کسان معاشی مصائب کے سبب خودکشی کرنے پر مجبور ہیں اور بچے اسکول جانے کے بجائے محنت مزدوری کررہے ہیں ۔
انہوں نے ان تمام حالات کا ذمہ دار سیما آندھرا کے مفاد پرست قائدین کو ٹھرایا ہے جونہ صرف تلنگانہ بلکہ سیما آندھرا علاقوں کی بھی پسماندگی کے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سرمائے دارانہ نظام کے خاتمے اور ہندوستانیوں کے ساتھ انصاف کے لئے جنگ آزادی کا آغاز کیا گیا تھا اسی طرح علاقہ تلنگانہ اور یہاں کی عوام کے ساتھ ہونے والی تمام ناانصافیوں کو ختم کرنے کے لئے علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک شروع کی گئی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک اپنے مقاصد کی طرف گامزن ہے مگر سیما آندھرا کے مفاد پرست قائدین اپنی اوچھی حرکتوں کے ذریعہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میںرکاوٹیں کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔