حیدرآباد۔10ستمبر(سیاست نیوز ) پارلیمانی حلقہ میدک کی بے مثال ترقی ‘ مقامی عوام کو درپیش بلدی برقی اور آبرسانی مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کو نہایت ضروری قراردیتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے کہاکہ میدک ضمنی الیکشن میں کانگریس اور بی جے پی کے ددنوں امیدواروں کو یہاں کی عوام نے پہلے مسترد کردیا ہے۔بولارم میںمنعقدہ انتخابی جلسہ عام کے دوران سینکڑوں کی تعداد میںموجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ جگاریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی دونوں ہی اپنے دور اقتدار میں میدک کی عوام کے لئے کوئی ترقیاتی کام انجام نہیںدئے جبکہ دونوں امیدواروں نے تلنگانہ تحریک کے ساتھ غداری کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ جناب محمد محمود علی نے اس موقع پر علیحدہ تلنگانہ تحریک کے مقاصد کو کامیاب بنانے کے لئے ٹی آر ایس کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ متعدد مرتبہ ٹی آر ایس پارٹی نے تلنگانہ ریاست کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اقتدار کو ٹھوکر ماری ہے جس کے نتیجہ میں ہی تلنگانہ کی عوام نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد منعقد ہونے والے پہلے عام انتخابات میںپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ عوام کا اعتماد ہی ہے جس کی وجہہ سے تلنگانہ حکومت نے اپنے ایک سودن کامیابی کے ساتھ تکمیل کئے۔انہوں نے کہاکہ نفرت کے بجائے تلنگانہ کی عوام کو متحد کرنے کے نظریہ پر تلنگانہ حکومت کام کررہی ہے جس میں رخنہ پیدا کرنے کے لئے مخالف تلنگانہ اور فرقہ پرست ذہنیت کے حامل سیاسی مفاد پرستوں کو میدک پارلیمنٹ کے ضمنی انتخابات کا امیدوار بنایاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے امیدوار پربھاکرریڈی کی کامیابی ہی علاقہ میدک کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔ریاستی وزیر ہریش رائو‘ رکن اسمبلی محبو ب نگر وی سرینواس گوڑ ‘ٹی آر ایس امیدوار کوتا پربھاکر ریڈی کے علاوہ دیگر نے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔