حیدرآباد، 4مئی ( یو این آئی) تلنگانہ بی جے پی کے صدرکے لکشمن نے بگڑتی صحت کے پیش نظر نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں اپنی غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال ختم کردی۔ ڈاکٹر لکشمن جنہوں نے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ سے انصاف کے مطالبہ پر پیر کو پارٹی آفس میں اپنی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا اور پولیس کی جانب سے گرفتار کرتے ہوئے نمس منتقل کئے گئے تھے ’ نے اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھی تھی تاہم مرکزی مملکتی وزیر داخلہ ہنس راج گنگا رام آہیر اور بی جے پی کے دیگر لیڈروں کی خواہش پر آج انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی۔ آہیر نے انہیں جوس پلاتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کروائی۔ اس موقع پر آہیر نے کہا کہ چوں کہ لکشمن کی صحت بگڑتی جارہی تھی اسی لئے بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لئے ان پر زور دیا گیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ انٹر کے امتحانات کے نتائج میں بے قاعدگیوں کے بعد کئی طلبہ نے خودکشی کی ہے ۔ انہوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ انتہائی اقدام نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم جگدیش ریڈی اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے سکریٹری کو نتائج میں بے قاعدگیوں پر برطرف کیا جانا چاہئے ۔