حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر تلنگانہ بھون میں زبردست جشن منایا گیا ۔ انتخابی نتائج کے آغاز کے ساتھ ہی صبح سے ہی سینکڑوںکی تعداد میں پارٹی کارکن تلنگانہ بھون پہنچ گئے اور جشن کا آغاز ہوچکا تھا ۔ وقفہ وقفہ سے پارٹی کے سینئر قائدین پہنچے اور اس جشن میں خود کو شامل کیا۔ کئی سینئر قائدین بشمول این نرسمہا ریڈی ، محمد محمود علی ، میئر حیدرآباد بی رام موہن نے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائی پیش کی ۔ ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر میں دن بھر آتشبازی ، مختلف قسم کے باجوں پر رقص کا سلسلہ جاری رہا ۔ شہر اور مواضعاتی علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں کارکن پارٹی کی کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے تھے ۔ اس موقع پر کے سی آر اور تلنگانہ کے حق میں گیت گائے گئے۔ جشن کا ماحول اس وقت اور گرم ہوگیا جب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ بھون پہنچے ۔ پارٹی قائدین نے انہیں جلوس کی شکل میں لانے کی کوشش کی لیکن کے سی آر نے جلوس کی تجویز سے اختلاف کیا اور وہ سیدھے گاڑیوں کے قافلہ کے ذریعہ تلنگانہ بھون پہنچے۔ کے سی آر کی آمد کے وقت ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکن تلنگانہ بھون کے پاس جمع تھے۔ چیف منسٹر کا آتشبازی اور نعروں کی گونج میں استقبال کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ بھون پہنچتے ہی مجسمہ تلگو تلی پر پھول نچھاور کئے اور پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کی۔ کے سی آر نے وی کا نشان بناتے ہوئے استقبال کا جواب دیا۔