تلنگانہ بھون اور گاندھی بھون کے گھیراؤ کی کوشش ، سینکڑوں احتجاجی گرفتار

کنٹراکٹ لکچررس کو مستقل کرنے اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات پر زور ، کانگریس اور ٹی آر ایس کے رویہ پر سخت برہمی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کنٹراکٹ لکچررس نے ان کی خدمات کو مستقل کرنے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے گاندھی بھون کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ دوسری طرف عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے ملازمتوں پر تقررات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ بھون کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پولیس نے طلبہ اور کنٹراکٹ لکچرارس کو گرفتار کرلیا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ملو روی نے کنٹراکٹ لکچرارس کو چیف منسٹر کے سی آر کے بچھائے ہوئے جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں سکریٹریٹ یا تلنگانہ کا گھیراؤ کرنے کا مشورہ دیا اور حکومت کو جلد از جلد سرکاری ملازمتوں پر تقررات کرتے ہوئے کنٹراکٹ لکچرارس کی خدمات کو بھی باقاعدہ بنانے کا مشورہ دیا ۔ دو دن قبل اعلان کے مطابق کنٹراکٹ لکچرارس آج کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون پہنچ کر احتجاج کیا ۔ احتجاجی کنٹراکٹ لکچرارس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ وعدے کے مطابق تمام کنٹراکٹ ایمپلائز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لیے سنجیدہ ہے ۔ سرکاری سطح پر تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں تاہم کانگریس پارٹی نے اپنے حامیوں کو ہائی کورٹ روانہ کرتے ہوئے اس عمل میں رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہمیشہ ملازمین و دوسروں کی تائید میں ہوتے ہیں مگر یہ پہلا موقع ہے کہ تلنگانہ میں اپوزیشن عوام کے ساتھ کھڑی ہونے کے بجائے ان کے مفادات کے خلاف کام کررہی ہے ۔ جس کا کانگریس کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج ملازمتوں میں تقررات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی سے تلنگانہ بھون کا گھیراؤ کرنے کے لیے ریالی منظم کی تھی تاہم پولیس نے طلبہ کو روک دیا جس پر طلبہ نے بطور احتجاج چیف منسٹر کے سی آر کا پتلہ نذر آتش کرتے ہوئے چیف منسٹر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگائے ۔ احتجاجی طلبہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بیروزگار نوجوانوں کو لاکھوں ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ جس سے متاثر ہو کر طلبہ نے تلنگانہ تحریک میں تعلیم اور جانوں کی قربانی دی ہے ۔ اقتدار حاصل کرنے اور چیف منسٹر بننے کے بعد کے سی آر نے طلبہ اور ان کے مفادات کو یکسر نظر انداز کردیا ۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے کنٹراکٹ ایمپلائز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس کے خلاف ہم ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں ۔ انصاف نہ ملے تو سپریم کورٹ سے بھی رجوع ہوں گے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں راہول گاندھی کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ٹی آر ایس کے قائدین بالخصوص دیوی پرساد جن کی دختر بھی کنٹراکٹ لکچرار ہے نے گاندھی بھون کا گھیراؤ کرایا ہے ۔ پولیس نے دونوں احتجاج کو ناکام بناتے ہوئے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا ۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو روی نے کنٹراکٹ لکچررس کی جانب سے گاندھی بھون پر احتجاج کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج سکریٹریٹ یا تلنگانہ بھون پر کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے جونیر لکچررس کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر کے بچھائے ہوئے جال میں ہرگز نہ پھنسے بلکہ حکومت کے خلاف احتجاج کریں ۔ کانگریس کے قائد نے حکومت سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کنٹراکٹ ایمپلائز کی خدمات کو بھی باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کیا ۔۔