تلنگانہ بند مکمل کامیاب، عام زندگی متاثر

حیدرآباد۔/29مئی، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم کے 7منڈلوں پر محیط 205 مواضعات کو آندھرا پردیش ریاست میں ضم کئے جانے سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف ٹی آر ایس کی اپیل پر آج تلنگانہ بند منایا گیا۔ تلنگانہ کے تمام 10اضلاع میں بند کا خاصا اثر دیکھا گیا اور عام زندگی متاثر ہوئی۔ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سرویسیس کی معطلی کے باعث مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اضلاع میں بند کا اثر زیادہ رہا جبکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جزوی اثر دیکھا گیا۔ تجارتی، خانگی ادارے بند رہے اور سرکاری دفاتر میں بھی حاضری کم دیکھی گئی۔ تلنگانہ کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس اور تلنگانہ تنظیموں کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا۔ ریاستی سکریٹریٹ میں تلنگانہ

ملازمین نے دھرنا منظم کرتے ہوئے کھمم کے سات منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کرنے سے متعلق آرڈیننس کی منظوری کے خلاف احتجاج کیا۔ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے احتیاطی اقدامات کے طور پر شہر اور اضلاع میں بس سرویسس کو معطل کیا تھا۔ بند کے دوران کسی بھی علاقہ سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ ٹی آر ایس نے بند کو مکمل پُرامن اور کامیاب قرار دیا ہے۔ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ نے مرکزی کابینہ میں آرڈیننس کی منظوری کے خلاف بند کی اپیل کی تھی۔ اگرچہ اچانک بند کا اعلان کیا گیا تاہم ٹی آر ایس کارکنوں نے بند کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ اضلاع کریم نگر، نلگنڈہ، ورنگل، نظام آباد، محبوب نگر، میدک اور عادل آباد میں بند مکمل ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔