تلنگانہ بند، چند اضلاع میں جزوی کامیاب

حیدرآباد 11 فبروری (پی ٹی آئی) علیحدہ تلنگانہ کی تائید میں اس علاقہ کے 10 اضلاع میں آج منائے گئے بند کا جزوی اثر دیکھا گیا اور بند مجموعی طور پر پرامن رہا۔ تلنگانہ پرجا فرنٹ اور طلباء تنظیموں نے بند مناتے ہوئے مرکز سے غیر مشروط طور پر علیحدہ ریاست کا مطالبہ کیا تھا۔ ریاستی دارالحکومت میں بند کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا۔ سٹی پولیس کمشنر نے کہاکہ شہر میں بند پرامن تھا۔ تلنگانہ حامیوں کے ایک گروپ کو ٹینک بینڈ پر ریالی نکالنے سے روک دیا گیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں تقریباً 100 طلبہ نے ریالی منظم کی۔ شہر اور اضلاع میں صرف چند خانگی تعلیمی ادارے بند رہے لیکن دوکانات، پٹرول پمپس اور دیگر کاروباری ادارے بدستور کھلے رہے۔ آر ٹی سی بسیں بھی معمول کے مطابق چلائی گئیں۔ عام ٹریفک بھی غیر متاثر رہی۔ اضلاع کریم نگر، نلگنڈہ، محبوب نگر، رنگاریڈی، میدک وغیرہ میں بند جزوی رہا۔ عادل آباد میں بند کا بالکل معمولی اثر رہا۔ بند کے دوران تلنگانہ کے کوئی بھی علاقہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔