تلنگانہ بل کی ہر دفعہ پر رائے دہی پر زور : چیف منسٹر

حیدرآباد 6 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج اعادہ کیا کہ تنظیم جدید آندھرا پردیش بل پر ایوان اسمبلی میں رائے دہی کروانی ہوگی ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بل پر بلکہ بل کے تمام دفعات پر ایوان میں مباحث ہونے چاہئیں۔ آج اسمبلی میں اس مسئلہ پر ہنگامہ آرائی ہوئی اور تلنگانہ بل پر مباحث کا آغاز نہیں ہوسکا ۔ بل کی تائید اور مخالفت میں احتجاج کی وجہ کارروائی کو ملتوی کردیا گیا تھا ۔ جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی کہ اسپیکر نے ارکان سے اس بل پر اپنے اعتراضات 10 جنوری سے پہلے داخل کرنے کو کہا ہے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ اسپیکر نے تحریری ترامیم طلب کی ہیں خیالات جاننا نہیں چاہا ہے ۔