حیدرآباد۔/15فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد اور سابق رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ لوک سبھا سیشن کے مابقی ایام میں تلنگانہ بل کی منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ مختلف جماعتوں کے قائدین اور مرکزی وزراء سے ربط میں ہیں۔ ونود کمار نے بتایا کہ 17 فبروری کے ایجنڈہ میں تلنگانہ مسئلہ شامل نہیں ہے جس دن کہ پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں تلنگانہ بل پیش کیا جاچکا ہے اب اس پر مباحث اور منظوری باقی ہے۔ چونکہ 17فبروری کے ایجنڈہ میں تلنگانہ بل شامل نہیں ہے لہذا ٹی آر ایس اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ بعد کے ایام میں اس مسئلہ کو ایجنڈہ میں شامل کرتے ہوئے مباحث کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مرکز سے مانگ کی کہ وہ ریلوے بجٹ اور عام بجٹ پر مباحث سے پہلے تلنگانہ بل پر مباحث کی تکمیل کرے تاکہ حکومت کی جانب سے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد ہی عام بجٹ اور ریلوے بجٹ پر مباحث ہونے چاہیئے۔ ٹی آر ایس قائدین نے اس مسئلہ پر مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور کمل ناتھ سے بات چیت کی۔
صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے بھی کمل ناتھ کے علاوہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ کے سی آر نے بھی مرکزی وزراء سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے مابقی تین ایام کار میں بل کی منظوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے معطل کردہ ارکان کو دوبارہ ایوان میں داخلہ سے روکا جانا چاہیئے۔ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ کسی طرح ارکان کی معطلی ختم کی جائے۔ ٹی آر ایس کا کہنا ہے کہ معطلی کی برخواستگی کی صورت میں دوبارہ ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوگی لہذا مرکز کو چاہیئے کہ وہ عام بجٹ کی پیشکشی کے بعد تلنگانہ بل پر مباحث اور منظوری کو یقینی بنائے۔