تلنگانہ بل کی منظوری پر کے سی آر کو چرنجیوی کی مبارکباد

حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت کے چرنجیوی جو پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری تک متحدہ ریاست کے حق میں مہم چلارہے تھے، انہوں نے تلنگانہ بل کی منظوری کیلئے صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ٹی آر ایس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ اور چرنجیوی کی ملاقات کل نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر اسوقت ہوئی جب دونوں ایک ہی فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہورہے تھے۔ چندر شیکھر راؤ پہلے ہی طیارہ میں سوار ہوچکے تھے اس کے بعد چرنجیوی اپنی اہلیہ سریکھا کے ساتھ طیارہ میں پہنچے اور اپنے لئے مقررہ نشست کی طرف بڑھتے ہوئے انہوں نے چندر شیکھر راؤ کو دیکھا اور بڑھ کر دونوں نے ان سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چرنجیوی اور ان کی اہلیہ نے علحدہ تلنگانہ بل کی منظوری اور اس سلسلہ میں جدوجہد پر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ ریاست کی تقسیم کے بل کی منظوری کے بعد چرنجیوی سیما آندھرا کے پہلے قائد ہیں جنہوں نے چندرشیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے بعض دیگر قائدین بشمول مرکزی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی نئی دہلی میں قیام کے دوران چندر شیکھر راؤ کو فون پر مبارکباد پیش کی۔